پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) ( PTI ) کے شعلہ بیان رہنما چوہدری فواد حسین ( Chaudhary Fawad Hussain ) کو منگل کی رات 24 جنوری کو لاہور سے گرفتار کرنے کے بعد صبح 25 جنوری بروز بدھ کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا، جہاں ان کا ریمانڈ منظور کیا گیا۔
عدالت آمد کے موقع پر کینٹ کچہری کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ پولیس کی اضافی نفری کمرہ عدالت اور احاطہ عدالت میں تعینات کی گئی۔ کمرہ عدالت کے اندر اور باہر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
فواد چوہدری کی پیشی کے موقع پر بڑی تعداد میں پی ٹی آئی ورکرز اور رہنما بھی موجود رہے۔
عدالتی کارروائی کا احوال
کینٹ کچہری میں پیشی کے موقع پر پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔ اس موقع پر فواد چوہدری نے فاضل جج سے استدعا کی کہ مجھے ایف آئی آر دی کی کاپی فراہم کی جائے، مجھے اس بات کا علم نہیں کہ مجھے کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
فوادچوہدری کی استدعا پر عدالت نے فوادچوہدری کو مقدمے کی کاپی فراہم کردی۔
پولیس نے عدالت سے فوادچوہدری کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت فواد چوہدری کو چیمبر میں بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کچھ دیر کیلئے فیصلہ محفوظ کیا، بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ لاہور سے اسلام آباد پہنچنے میں 3 سے چار گھنٹے لگیں گے، اس لیے فواد چوہدری کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا جائے۔
فواد چوہدری کے وکیل کا بیان
دوران سماعت فوادچوہدری کے وکیل نے کہا کہ ان کا میڈیکل کرایا جائے، سفری ریمانڈ کی وجہ نہیں بنتی ہے۔
اپنے دلائل میں پی ٹی آئی رہنما نے فاضل جج سے کہا کہ جو مقدمہ مجھ پر درج ہوا، اس پر فخر ہے، آپ کا بہت شکریہ، اس پر جج نے فوادچوہدری سے استفسار کیا کہ فواد چوہدری صاحب آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟، جس پر انہوں نے کہا یہ بادشاہی سدا نہیں رہتی، نگران حکومت ن لیگ کی لگائی گئی ہے۔
فرخ حبیب
قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر پہلے یہ اطلاع سامنے آئی کہ پولیس نے فواد چوہدری کو ان کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔ فرخ حبیب نے مزید لکھا کہ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔
فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023
رہنما تحریک انصاف کی جانب سے فوادچوہدری کو گرفتار کرنے والوں کی گاڑیوں کی ویڈیوز بھی ٹوئٹر پر شئیر کی گئیں، تاہم اب تک عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما فوادچوہدری کی گرفتاری پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چوہدری کو گرفتار کرکے لے جارہی ہے pic.twitter.com/CJXiAHO3fQ
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023