Featuredپنجاب

محسن نقوی زرداری کا فرنٹ مین ہے اور اسی کے لئے کام کرے گا، شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کہتے ہیں محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب بنوانا نواز شریف کی بڑی سیاسی غلطی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب بنوانا نواز شریف کی بڑی غلطی ہے، محسن نقوی ن لیگ کے لیے نہیں پنجاب میں زرداری کے لیے کام کرے گا، محسن نقوی زرداری کا فرنٹ مین ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بے وقوفو عمران خان کو گرفتار کرکے آپ اُس کی خدمت کرو گے، اس وقت ملک میں لڑائی سیاسی دلہا اور دلہن کی ہے، چیف الیکشن کمشنر پرچے نہ کٹوائیں، انہیں الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی۔

لال حویلی خالی کرنے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رینجرز اور ایف سی مت آئے،اُن کے لیے حویلی ویسے ہی خالی کردیں گے، اور رینجرز یا ایف سی کے علاوہ جو بھی لال حویلی خالی کرانے آئے گا ہماری لاشوں سے گزر کر جائے گا۔

شیخ رشید نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی چیلنج کردی

دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

شیخ رشید نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ محسن نقوی کے آصف زرداری اور شریف خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور اسی وجہ سے انہیں تعینات کیا گیا۔

شیخ رشیدنے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ محسن نقوی نیب کے کیس میں کرپشن کی رقم واپس کرچکے ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ سزا یافتہ ہیں، نیب قانون کے تحت سزا یافتہ شخص عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا، اور سپریم کورٹ بھی کرپٹ افراد کو عوامی عہدے کے لیے نا اہل قرار دے چکی ہے۔

درخواست میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ یقینی بنائے کہ انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوں، الیکشن کمیشن کی صوابدید بھی قانون کے مطابق ہی استعمال ہونی چاہیے، عدالت محسن نقوی کی وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی کالعدم قرار دے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close