وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز ( آئی ایم ایف ) سے اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا، جس کے بعد ملک مشکل حالات سے نکل آئے گا۔
اسلام آباد مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ گرین لائن ٹرین کا افتتاح نواز شریف نے کیا تھا، بد قسمتی سے گزشتہ دور حکومت میں کئی منصوبے دم توڑ گئے، آج گرین لائن ایکسپریس ٹرین کا دوبارہ آغاز کیا ہے، میرٹ پر انحصار نوازشریف کی حکومت کا طرہ امتیاز رہا ہے۔
اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے بڑی محنت سے ریلوے کو بہتر کیا تھا، ریلوے کو دیگر اداروں کی طرح مشکلات کا سامنا ہے۔ آج ہمیں اللہ کا شکر بجا لانا چاہیے، خواجہ سعد رفیق اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرنا چاہتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ سروسز کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے، آج حکومتیں خود ادارے نہیں چلاتیں بلکہ ان کو آؤٹ سورس کرتی ہیں ، کاش ایم ایل ون گزشتہ 4 سال کی بے بنیاد الزام تراشی کا شکار نہ ہوتا، ایم ایل ون منصوبے پر چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اس نہج پر کھڑا ہے جہاں ایک ایک پائی بچانے کی ضرورت ہے، جلد مشکل حالات سے باہر نکلیں گے، چینی حکومت اور عوام نے پاکستان سے ہمیشہ محبت کا رشتہ رکھا، ترقی کا سفر مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں ہے، پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام جلد حاصل کرے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈز ( آئی ایم ایف) سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہوجائے گا، جلد ہم اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے، اتحادی حکومت دن رات بہتری کیلئے کوشاں ہے، مشکلات کا سامنا کرنے والی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔
واضح رہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین اسلام آباد سے کراچی براستہ پاکستان ریلویز مین لائن ون پیسنجر سروس مہیا کرے گی ، یہ ٹرین راولپنڈی، چکلالہ ،لاہور ، خانیوال ، بہاولپور، روہڑی ، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشنز پر رکے گی۔
گرین لائن کا کرایہ
گرین لائن کا کراچی سے راولپنڈی تک اکانومی کلاس کا کرایہ 4200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ریل گاڑی کے کرائے میں دوران سفر ناشتہ، لنچ، ڈنر اور ویلکم ڈرنکس شامل ہیں۔
ریل گاڑی کے اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 9450،اے سے پارلرکا کرایہ 8500 روپے ہوگا۔
اے سی لوئر کی سہولیات سمیت ٹکٹ 7550 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ریلوے کی جانب سے نئے کرایوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔