Featuredدنیا

مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ 7 یہودی ہلاک، کم سے کم 12 صہیونی زخمی

مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی عبادت گاہ پر حملے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی شام مقبوضہ بیت المقدس کی بستی ’‘ نبی یعقوب’’ میں ایک مسلح شخص نے یہودی عبادت گاہ میں موجود یہودیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی ہولوکاسٹ کی یاد منانے میں مصروف تھے کہ ان پر فائرنگ کردی گئی، اسرائیلی فوج کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی شہید ہوگیا، واقعے میں کم سے کم 12 صہیونی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو بھی جائے وقوعہ پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم اسے جنین کیمپ واقعے سے جوڑا جارہا ہے جس میں 10 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روزغزہ پر بمباری بھی کی تھی جس میں ایک مہاجر کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

دوسری طرف فلسطینیوں کی مزاحمتی تحریک ’حماس‘ نے غاصب صہیونیوں کے خلاف کیے گئے فدائی حملے پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے اور اسے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی منظم ریاستی دہشت گردی کا فطری رد عمل قرار دیا۔

یاد رہے کہ جمعرات کی صبح اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں ایک کیمپ پر دھاوا بول دیا تھا جس میں 60 سالہ خاتون سمیت کم سے کم دس فلسطینی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد فلسطین میں حالات سخت کشیدہ تھے اور فلسطینیوں میں شدید غم وغصے کی فضا پائی جا رہی ہے۔

ادھر اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں پر حملے میں دو مزید فدائی حملہ آور بھی شامل تھے جن کی تلاش جاری ہے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ بیت المقدس میں فائرنگ سے مارے جانے والے فلسطینی مزاحمت کار کی شناخت علقم خیری کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 21 سال ہے اور وہ بیت المقدس میں الطور کا رہائشی ہے۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق شہید فلسطینی کا سابقہ ریکارڈ صاف ہے اور اس کا کسی تنظیم کے ساتھ کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا۔

دریں اثنا اقوام متحدہ نے صورتحال پر کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ کشیدگی تشویشناک ہے، دوسری جانب امریکا نے اسرائیل اور فلسطین پر کشیدگی کم کرنے پرزور دیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close