الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم ( ق) کے صدر برقرار رہیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب آج بروز منگل 31 جنوری کو چوہدری شجاعت حسین کے مسلم لیگ (ق) کے صدر ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ سنا دیا گیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین پارٹی کے صدر برقرار رہیں گے۔
الیکشن کمیشن چوہدری شجاعت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنائے گا۔
اللہ کا شکر ہے سچ جیت گیا
ق لیگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے گھر کے رہے نہ گھاٹ کے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ سچ جیت گیا۔ جھوٹ اور فسطائیت ہارگئی۔ پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے گھر کے رہے نہ گھاٹ کے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ ق کا ہر کارکن متحد ہے۔ ہم کارکنوں اور عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور پارٹی کو کالی بھیڑوں اور سازشیوں سے پاک کریں گے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں فیصلہ محفوظ کیا تھا، چوہدری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی۔