وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مائنس نہ کیا گیا تو یہ ملک کو سانحے سےدوچار کردے گا۔
بہاولپور میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں بجلی اورگیس کے بل بڑھ گئے ہیں، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو متاثر کیا ہے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا قصور نہیں، عمران خان کےآئی ایم ایف سے معاہدےکی وجہ سے مہنگائی ہورہی ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کیے معاہدے پرعمل درآمد کرنا ہماری مجبوری تھی، آئی ایم ایف معاہدہ آگے نہ بڑھایا جاتا تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا، ن لیگ ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے، محب وطن پاکستانیوں کو آگےبڑھ کرملک کو بحران سے بچانا ہے، انشاءاللہ ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ختم ہوگی۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو بھی اسلام آباد سیل کرنے کے دعوے کیے گئے، سب نے دیکھا کہ یہ کس طرح اسلام آباد سے جوتےکھا کر بھاگے، 26 نومبر کو عمران خان کہتا تھا کہ انسانوں کا سمندر اسلام آباد لاؤں گا، وہاں سے بھی ذلیل اور رسوا ہوکر واپس آیا۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کیلئے ایک فتنہ ہے، عمران خان جمہوریت میں مخالفین کو برداشت نہیں کرسکتا، ووٹ کی طاقت سے اس ناسور کو سیاست سےمائنس کیا جائے، عمران کو مائنس نہ کیا گیا تو یہ ملک کو سانحے سے دوچار کردے گا، ووٹ کی طاقت سے اس ناسور کو مائنس کیا جائے۔