الیکشن کمیشن آف پاکستان ( Election Commission of Pakistan ) کی جانب سے آج بروز ہفتہ 4 فروری کو قومی اسمبلی کی مزید اکتیس نشستوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان نشستوں پر ضمنی الیکشن انیس مارچ کو ہوگا۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی دس سے چودہ فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے، جن کی جانچ پڑتال اٹھارہ فروری تک ہوگی۔
ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی پر اپیلیں بائیس فروری تک جمع کرائی جائیں گی۔ جن پر فیصلہ ستائیس فروری تک ہوگا۔ کاغذات نامزدگی یکم مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے، جب کہ امیدواروں کو انتخابی نشان دو مارچ کو الاٹ کئے جائیں گے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کو معطل کر دیا تھا
الیکشن،کمیشن کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کی معطلی دونوں صوبوں میں قومی و صوبائی انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہے، بلدیاتی نمائندوں کو آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے تحت معطل کیا گیا۔
الیکشن،کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندے بھی معطل رہیں گے، دونوں صوبوں میں قومی و صوبائی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان تک بلدیاتی عہدیدار معطل رہیں گے۔