اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے کے دوران 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے پیر کی صبح اردن کی سرحد کے قریب واقع عقبات جبر پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
اسرائیلی قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ مرنے والوں میں 28 جنوری کو جیریکو کے قریب ایک اسرائیلی ریسٹورنٹ پر فائرنگ کے ناکام حملے میں ملوث جنگجو شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کئی ضبط شدہ آتشیں اسلحے کی تصویر بھی شائع کی ہے جو شہداء سے برآمد کیا گیا، قابض افواج نے شہداء کی لاشیں قبضے میں لے لیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق چھاپے کے دوران ایک اسرائیلی فوجی مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، دریں اثنا اسرائیلی فوج نے حماس کے سینئر عہدیدار شاکر عمارہ کو عقبات جبر کیمپ میں ان کے گھر سے اغوا کرلیا۔