سابق صدر پرویز مشرف ( Pervez Musharraf ) کی نماز جنازہ کراچی کے گل مہر پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ میں ادا کردی گئی ہے، واضح رہے کہ سابق صدر مشرف کا جسد خاکی گزشتہ روز 6 فروری کو کراچی ( Karachi ) ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل سے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا تھا۔
سابق صدر کی نماز جنازہ آج بروز منگل 7 فروری کو ایک بج کر پینتالیس منٹ پر ملیر کینٹ کے پولو گراؤنڈ میں اد ا کی گئی۔ پرویز مشرف کی تدفین کراچی کے فوجی قبرستان میں مکمل اعزاز کے ساتھ کی گئی۔ نماز جنازے میں سیاسی، سماجی اور اعلیٰ سول و فوجی قیادت نے شرکت کی۔
اہم شخصیات کی شرکت
سابق صدر سید رویز مشرف کے جنازے میں بیٹے بلال مشرف سمیت قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، امین الحق، فواد چوہدری، جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق، سابق آرمی چیفس جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی، سابق وفاقی سیکریٹری سید انور محمود نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں سابق صدر کا جسد خاکی پرواز ایم ایل ایم 567 کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا۔ پرویز مشرف کے جسد خاکی کے ہمراہ اہلیہ، بیٹی اور بیٹا بھی وطن پہنچے۔
واضح رہے کہ سابق آرمی چیف آف پاکستان اور صدر مملکت سید پرویز مشرف طویل علالت کے بعد اتوار 5 فروری کی صبح دبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔
ملٹری پولیس کی بھاری نفری کے حصار میں ان کا تابوت کمبائنڈ ملٹری اسپتال ملیر کینٹ لے جایا گیا۔ اگرچہ حکام کی جانب سے ان کی تدفین سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا تاہم قریبی ساتھی نے بتایا کہ سابق پرویز مشرف کی تدفین مکمل ریاستی اور فوجی پروٹوکول کے ساتھ کی جائے گی۔
سابق حکمران کی جانب سے اکتوبر 2010کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کی تشکیل کے بعد سے مشرف کے ترجمان طاہر حسین نے کہا کہ انہیں پورے فوجی اعزاز اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
دوسری جانب کینٹن اسٹورز ڈیپارٹمنٹ ( سی ایس ڈی) سے محتصل آرمی قبرستان کا انتظام رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے سنبھال لیا ہے۔ قبرستان کو جانے والی گلی میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
قبرستان کے سامنے سڑک کے دوسری طرف خالی پلاٹ میں جنازہ میں آنے والوں کی پارکنگ ہوگی۔ عام شہری و دیگر کی تدفین میں شرکت کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام سمیت متعدد اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
قبل ازیں طیارہ اترنے سے چند گھنٹے قبل ہی ملٹری پولیس نے پاکستان رینجرز کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل کو اپنے حصار میں گھیرے میں لے لیا جب کہ اس دوران ملیر کینٹ جانے والے تمام راستے پر بھی سخت سیکیورٹی دیکھی گئی۔
گزشتہ روز دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے سابق فوجی حکمران کی میت کی وطن واپسی کے لیے این او سی جاری کیا تھا۔