معلوم ہوا ہے کہ 2 آف شور کمپنیوں میں شوکت خانم اسپتال کا پیسہ انویسٹ کیا گیا، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک بار پھر اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے 2008 ميں شوکت خانم کے 3 ملین ڈالرز سے سرمایہ کاری کی اور 7 سال کے بعد یہ رقم اسپتال کو واپس کردی گئی۔
اسلام آباد کی ماتحت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے، اور وکیل ولید اقبال ان کی معاونت کرنے کے لیے ساتھ موجود رہے۔
خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی نے عمران خان پر جرح کی۔ تو عمران خان نے اپنے بیان میں اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بات درست ہےکہ 2008 ميں 3 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی، یہ رقم 7 سال ایچ بی جی گروپ کے پاس رہی، اور 2015 میں شوکت خانم کو واپس دے دی گئی تھی۔
عمران خان نے بیان میں بتایا کہ ايچ بی جی گروپ کے چیف ایگزیکٹو امتیاز حیدری ہیں، اور وہ بھی سرمايہ کاری کی منظوری دينے والی کمیٹی میں شامل تھے، لیکن انہوں نے ذاتی فائدے کيلئے سرمايہ کاری کی منظوری نہیں دی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ بورڈ میٹنگز میں اس سرمایہ کاری سے متعلق بات ہوئی تھی، خواجہ آصف کو لیگل نوٹس بھیجتے وقت سرمایہ کاری کی رقم واپس نہیں آئی تھی۔
عمران خان نے بیان میں کہا کہ معلوم نہیں کہ امتیاز حیدری پی ٹی آئی کے ڈونر بھی تھے یا نہیں، شوکت خانم اسپتال کے لئے متعدد سمندر پار پاکستانی ڈونیشن دیتے ہیں، امتیاز حیدری کے کردار کے حوالے سے عدالت کو گمراہ نہیں کیا۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم انڈومنٹ فنڈ بورڈ کب بنایا گیا تھا، صرف اتنا معلوم ہے کہ انڈومنٹ فنڈ بورڈ 90 کی دہائی میں بنایا گیا تھا۔
خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ 2005 میں بورڈ آف گورنرز میٹنگ میں آپ نے کہا تھا کہ انڈومنٹ فنڈ بورڈ ابھی نہیں بنایا، اور اب کہہ رہے ہیں خہ 90 کی دہائی میں بنایا گیا تھا۔
خواجہ آصف کے وکیل نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا آپ کو معلوم ہے۔
عمران خان نے اپنے جواب میں کہا کہ شوکت خانم اسپتال کے فیصلوں کا مجھے معلوم نہیں، شوکت خانم اسپتال کے مالی فیصلوں کی آڈٹ رپورٹ ہوتی ہے، اسپتال کا بورڈ مجھ سے پوچھ کر فيصلے نہیں کرتا، اب معلوم ہوا ہے 2 آف شور کمپنیوں میں شوکت خانم اسپتال کا پیسہ انویسٹ کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شوکت خانم سے متعلق الزامات پر صرف خواجہ آصف کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا، کسی پبلشر کو ہتک عزت کا نوٹس نہیں بھیجا، دعویٰ کے ساتھ منسلک سی ڈیز اور ٹرانسکرپٹ کی میڈیا ادارے سے تصدیق نہیں کرائی گئی، گزشتہ سال جولائی میں فنانشل ٹائمز میں چھاپے گئے آرٹیکل سے بخوبی واقف ہوں۔
خواجہ آصف کے وکیل نے عمران خان سے سوال کیا کہ ووٹن کرکٹ کلب کے تحت ٹی ٹونٹی کپ کا مقصد ڈونیشن لینا تھا جس میں آپ نے شرکت کی۔
عمران خان نے اعتراف کیا کہ ڈونیشن سے متعلق ووٹن ٹی ٹونٹی کپ میں میں نے شرکت کی تھی۔
وکیل نے سوال کیا کہ کیا درست ہے الیکشن کمیشن نے آپ کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ اور توشہ خانہ پر فیصلہ دیا، اور آپ کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے مبینہ کرپشن کا فیصلہ جاری کیا۔
عمران،خان نے جواب دیا کہ جی بالکل! الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ اور مبینہ کرپشن پر فیصلہ جاری کیا۔