پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا آفیشل گانا ’’سب ستارے ہمارے‘‘ جاری کر دیا گیا
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا آفیشل گانا ’’سب ستارے ہمارے‘‘ جاری کردیا گیا، جسے شے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے گایا ہے۔
پی ایس ایل 8 کا آفیشل گانا عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے۔
پی ایس ایل 8 کے آفیشل گانے کی ویڈیو کے شروع میں گھڑ سواروں کو تمام ٹیموں کے جھنڈے تھامے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ شے گل گانے کا آغاز کرتی ہیں، اس کے بعد عاصم اظہر اور پھر فارس شفیع آتے ہیں۔
ویڈیو میں قومی کرکٹ شاہین شاہ آفریدی، شاہنوار دھانی، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور دیگر بھی شامل ہیں۔ اسٹار فاسٹ بولر شاہین کو ٹرافی کے ماڈل کی رونمائی کرتے دکھایا گیا ہے۔
قبل ازیں پی ایس ایل 8 کے آفیشل گانے کیلئے علی سیٹھی سے بھی رابطہ کیا گیا تھا تاہم پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے اپنے بیٹی کو دی گئی پیشکش واپس لے لی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ اب تک 7 سیزن ہوچکے ہیں، جس کے ابتدائی تین سیزن میں آفیشل گانے علی ظفر نے گائے تھے، جنہیں شائقین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔
پی ایس ایل 4 کا آفیشل سانگ فواد خان اور دیسی ینگ نے گایا تھا جبکہ سیزن 5 کا گانا علی عظمت، عاصم اظہر، ہارون اور عارف لوہار نے گایا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آفیشل گانا نصیبو لعل اور آئمہ بیگ کی آواز میں تھا جبکہ سیزن 7 کے آفیشل سانگ میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آواز کا جادو جگایا تھا۔