Featuredاسلام آباد

اليکشن کميشن کو لگتا ہے تو معذرت خواہ ہوں اور خود کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی مانگ لی ہے۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان ، اسد عمراور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس پر سماعت ہوئی۔ اسد عمر نے شوکاز نوٹس پر جواب جمع کروا دیا۔

فواد چوہدری اور عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمارے حلقے میں انتخابات ہو رہے ہیں، میں اور فواد چوہدری دونوں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مناسب ہوگا کہ الیکشن کے بعد کی تاریخ دے دیں۔

فیصل چوہدری نے کہا کوشش کروں گا کہ آئندہ سماعت پر حاضر ہوسکوں اور اعتراضات پر دلائل دوں۔ الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔

اسد عمر نے معافی مانگ لی
الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے جواب میں اسد عمر نے کہا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا بھیجا گیا نوٹس غیر قانونی ہے، شوکاز نوٹس الیکشن کمیشن بھیج سکتا ہے اس کا سیکرٹری نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ايسی کوئی بات نہيں کی جس سے توہين کا تاثر ملتا ہو۔ صرف جائز تنقيد اور مناسب تبصرہ کيا۔

اسد عمر نے کہا کہ پھر بھی اليکشن کميشن کو لگتا ہے تو معذرت خواہ ہوں اور خود کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔

معاملے کا پس منظر
پی ٹی آئی حکومت کے آخری دنوں سے عمران خان اور ان کے رفقا کی جانب سے الیکشن کمیشن پر تنقید کی جارہی ہے لیکن گزشتہ برس اگست کے بعد سے اس میں شدت آگئی تھی۔

عمران خان ، فواد چوہدری اور اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن اور موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف انتہائی سخت زبان استعمال کی۔

اسی دوران الیکشن کمیشن نے عمران خان ، فواد چوہدری اور اسد عمر کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس بھی جاری کیا۔

رواں برس 10 جنوری کو الیکشن کمیشن اسی معاملے میں عمران خان، اسدعمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close