اپنے وکلاء سے کہا ہے کہ میری جانب سے جمع کروایا گیا جواب واپس لے لیں، اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے بارے میں جو کچھ کہا اس پر قائم ہوں.
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ میرے بارے میں الیکشن کمیشن سے معافی کی خبر چل رہی ہے جو غلط ہے، الیکشن کمیشن کے بارے میں جو کچھ کہا اس پر قائم ہوں، اپنے وکلاء سے کہاہے کہ میری جانب سے جمع کروایا گیا جواب واپس لے لیں۔
رہنما پی ٹی ّئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار آئینی ادارے کے طور پر کام نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن چکا ہے، الیکشن کمیشن نے حقائق اور قانون کی خلاف ورزی کی ہے، آئین سے انحراف کی کوشش جاری ہے، آئین سے انحراف اس لیے کیا جارہا ہے کہ عمران خان کا سیاسی مقابلہ نہ کرنا پڑے۔
اسد عمر نے کہا کہ آرڈینس کے ذریعے عوام پر ٹیکس لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، صدر مملکت نے آرڈینس کے ذریعے ٹیکس نفاذ کے معاملے کو مسترد کیا، صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکس نفاذ کا معاملہ پارلیمان سے منظور کر والے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بدترین مہنگائی، کاروبار بند اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ پہلے سے تھا تو مذاکرات کس چیز کے ہورہے تھے۔
امپورٹڈ حکومت نے ملک میں سیاسی بحران پیدا کیا، مفتاح اسماعیل کی ٹانگیں اسحاق ڈار کھنچتے رہے، اسحاق ڈار نے مفتاح اسماعیل کو وزارت خزانہ سے ہٹوایا، اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کو سمجھانا تھا مگرنتیجہ الٹا نکلا، صورت ھال یہ ہے کہ فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو گرا دیا ہے، ہمارے زمانے میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہی، آج مہنگائی 34 فیصد پر پہنچی ہوئی ہے۔