پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ پر پارٹی رہنماؤں کی ہدایت کے بعد کارکنان بڑی تعداد میں زمان پارک پہنچ گئے۔ کراچی میں بھی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی اطلاع پر احتجاج اور مظاہرہ کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے جمعرات 16 فروری کو رات گئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ہے، پارٹی کارکنوں کو فوری طور پر زمان پارک پہنچنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اطلاع منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی زمان پارک پہنچ گئی، جب کہ اطراف کے راستے بند کردیئے گئے۔
رانا نثنا اللہ زمان پارک کو ماڈل ٹاؤن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے عمران خان کی گرفتاری کی حماقت نہیں ہو گی ورنہ معاملات ہاتھ سے نکل جائینگے https://t.co/b4kfL5PRTN
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 16, 2023
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کے ساتھ قیدیوں کی گاڑیاں بھی زمان پارک پہنچیں۔ پولیس نے آس پاس کے راستے بھی ٹریفک کیلئے بند کردیئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی کال دی گئی ہے۔
کپتان پاکستان کے لئے کھڑا ہے۔ کیا پاکستان اپنے کپتان کے لئے کھڑا ہے؟ ثابت کرنے کا وقت ہوا چاہتا ہے #زمان_پارک_پہنچو
— Murad Saeed (@MuradSaeedPTI) February 16, 2023
تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے اپنے ایک بیان کہا کہ حکومت جانتی ہے کہ وہ سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی جس کی وجہ سے انہوں نے عمران خان کو گرفتا رکرنے کافیصلہ کیا ہے اس لیے کارکن زمان پارک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک بھر میں موجود کارکنان جانتے ہیں کہ ان کی کیا ذمہ داری ہے ، ایسی کوئی بھی صورتحال ہو تو کارکن کسی رہنما کی کال کا انتظار نہ کریں ۔
دوسری جانب پولیس کی نقل و حرکت کی خبر سامنے آتے ہی کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی۔ کارکنوں نے بعض جگہوں پر پولیس کی رکاوٹیں ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بھی کھول دیا۔
چیرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر
زمان پارک جانے والے راستوں کو بند کردیا گیا تھا
پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے بیرئیر کو ہٹواکر راستے کلیئر کروادیئے
کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی۔عمران خان سے اظہار یکجہتی۔#عمران_خان_ہماری_ریڈ_لائن pic.twitter.com/5cYE60GQyF
— PTI (@PTIofficial) February 16, 2023
ذرائع کے مطابق پولیس کی 3 پریزن وین اور اسکواڈ کی گاڑیاں زمان پارک کے قریب گشت کر رہی ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کی قیادت سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی زمان پارک کے باہر موجود ہے اور کارکنان نے کینال روڈ کا راستہ کھول کر ٹریفک بحال کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی وین اور پولیس کی بھاری نفری کے زمان پارک کے گرد ہونے سے ہم ڈرنے والے نہیں، کارکنان کی جانب سے عمران خان کے حق اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی عدم پیشی پر خارج کردی تھی جس کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔