تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ راجا ریاض کی مشاورت نے نئے چیئرمین نیب کا تقرر ناقابل قبول ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف درج مقدمات پر ہنسی آتی ہے، عمران خان نے فیصلہ کیا ہے جو بھی عدالت طلب کرے گی حاضر ہوں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے کے مترادف ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہونا چاہیے، نیا چیئرمین نیب راجا ریاض کے مشورے سے نہ لگایا جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ راجا ریاض کی مشاورت کو کوئی تسلیم نہیں کرتا، راجا ریاض اور شہباز شریف کا تعلق ایسے ہی ہے جیسے غلام کا آقا سے ہو، راجا ریاض کی مشاورت سے نئے چیئرمین نیب کا تقرر ناقابل قبول ہوگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے بلیک میلنگ کے لیے سیل قائم کیا، ججز کے خلاف منفی مہم کی مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے۔
اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ پر کہا کہ چیئرمین احتساب بیورو کا استعفیٰ فاشسٹ نظام کے ٹوٹنے کی طرف بڑا قدم ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آفتاب سلطان نے ان کے کام میں“مداخلت“کے خلاف استعفیٰ دیا، میں ان 22افسران کو جن کو پنجاب میں مداخلت کرنے کیلئے لگایا گیا ہے کہتا ہوں وہ بھی خود کو اس نظام سے علیحدہ کریں یہ ملک اور بیوروکریسی دونوں کے مفاد میں ہے۔