عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ ملک میں انتخابات نہ ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی۔
راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دے کر صدر نے اپنا حق ادا کر دیا۔ اگر ملک میں الیکشن نہ ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ کل سے عمران خان کی جیل بھرو تحریک شروع ہوگی۔جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے کو تیارہوں۔
اس کے علاوہ اپنی ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ صدر کو چاہیےکہ شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینےکا کہےکیونکہ کل 170 ارب کا منی بجٹ 60 لوگوں نے منظور کیا ہے اور ایوان کی کارروائی کے لیے 86 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی سرکاری اراکین بھی حکومت کےساتھ نہیں اور خود حکومت کے اتحاد میں پھوٹ پڑ چکی ہے،کل لاہور کے عوام نے باہر نکل کر ایوان کے ستونوں کو ہلا دیا ہے۔
عمران خان کے سیاسی اتحادی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کی تاش بکھرنا شروع ہوگئی ہے اور آفتاب سلطان کا استعفٰی اس کی پہلی کڑی ہے، ملک کا آئینی بحران شدید سے شدید تر ہوتا جارہا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی صدر نے کہا ہے کہ غریبوں پر نہیں امیروں پر ٹیکس لگائیں۔ پاکستان میں 50 کروڑ سےکم کرپشن کی کھلی چھٹی ہے، قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، نیب ترامیم پر تاریخی فیصلہ آسکتا ہے۔