6G نیٹ ورک 2026 اور 2028 کے درمیان دنیا کے مختلف ممالک میں متعارف کرانے کا امکان
یوں تو پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں 5G متعارف نہیں ہوا لیکن جنوبی کوریا میں اب 6G نیٹ ورک پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں جدید سافٹ ویئر پر مبنی موبائل نیٹ ورکس کو مزید بہترین بناکر 6G نیٹ ورک لانے کی تیاری کررہے ہیں۔
6G نیٹ ورک کے لئے جنوبی کوریا کی حکومت مقامی کمپنیوں کو مواد، پرزے اور آلات تیار کرنے کی ترغیب دے گی۔ اس کے علاوہ نیٹ ورک سپورٹ کرنے کے لیے مواد اور پرزہ جات کی رسد کو ہر صورت مربوط رکھنے کا منصوبہ بھی بنایا جارہا ہے۔
بنیادی 6G نیٹ ورکنگ پر تحقیق کے لیے ایک فزیبلٹی رپورٹ پہلے ہی جاری کی جاچکی ہے۔
جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق 6G منصوبے پر 48 کروڑ 21 لاکھ امریکی ڈالرز کے مساوی رقم کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جو کہ پاکستانی کرنسی کے مطابق 40 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔
اس منصوبے کا مقصد جنوبی کوریا کو انٹر نیٹ نیٹ ورکنگ کے میدان میں دنیا کو پیچھے چھوڑنا ہے۔ یہ منصوبہ 2026 سے 2028 کے درمیان حقیقت کا روپ دھار لے گا۔ اس طرح جنوبی کوریا 6G نیٹ ورک لانچ کرنے والا پہلا ملک بن سکتا ہے۔
اس حوالے سے ایرکسن چائنا ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی جنرل منیجر ژانگ یونگ ٹاؤ کا کہنا ہے کہ 6G ورچوئل اور حقیقی دنیا کو یکجا کرے گا۔ 6G ہولوگرافک مواصلات کو سائنس فکشن سے حقیقت کے انتہائی قریب لے آئے گا۔