Featuredاسلام آباد

یقین دلاتا ہوں تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کروں گا، راجہ پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بزنس رول ماڈل ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر ملک کے تمام چیمبرز میں سے خوبصورت ہے اور چیمبر کو یقین دلاتا ہوں کہ مل بیٹھ کر تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہو سکتا، معاشی نظام پر بزنس مینوں کی گہری نظر ہوتی ہے، جب تک تاجر برادری معاشی نظام کا حصہ نہیں بنتی، مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک سیاسی استحکام نہ ہو، معاشی استحکام نہیں آسکتا اور جن ملکوں نے ترقی کی وہاں پہلے سیاسی استحکام آیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کے وفد کو بھی کہا کہ بات چیت کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو بات چیت کی دعوت دیتا ہوں، سیاستدان ایک دوسرے کی عزت کر کے رول ماڈل بنیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ حالات میں مایوس ہونے کی ضروت نہیں ہے، یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا جبکہ امید ہے چند دنوں میں معاشی استحکام کی طرف گامزن ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکوں پر مشکلات آتی ہیں، جرمنی اور جاپان کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب قومیں کھڑی ہوتی ہیں تو مسائل حل ہو جاتے ہیں، ایل سیز کا معاملہ چند دن میں حل ہو جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قرض لیکر کھانے سے ملکی معیشت ترقی نہیں کرتی، قرض لیکر سرمایہ کاری سے قرض بھی واپس ہوتا ہے کاروبار بھی چلتا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دنیا میں بھی مسائل کا حل مذاکرات ہے، اگر ہم ایٹم بم بنا سکتے ہیں تو سب کچھ کر سکتے ہیں جبکہ ہم پوری دنیا کی مخالفت کے باوجود ایٹمی قوت بنے۔

انہوں نے کہا کہ 5 سال میں سمت بہتر ہوسکتی ہے لیکن ہم اتنے جذباتی ہو گئے دوسرے کو سنتے تک نہیں ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس وقت بزنس لیڈر ملک سے نفرتیں کم کرائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close