یونان میں 2 ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک جب کہ 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز سے تھیسالونیکی جانے والی مسافر ٹرین لاریسا کے قریب ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، اس کے ساتھ ہی مسافر ٹرین کی کئی بوگیوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یونانی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرین میں 350 کے قریب مسافر سوار تھے۔ حادثے میں اب تک 32 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 80 سے زائد زخمی ہیں۔
زخمی ہونے والے متعدد مسافر جھلسے ہوئے ہیں جب کہ زیادہ تر ہلاکتیں بھی اسی وجہ سے ہوئی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یونان کے تھیسالی ریجن کے گورنر کونسٹانٹینوس اگورسٹوس نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتریں جب کہ ابتدائی دو بوگیوں میں آگ لگی جس کی وجہ سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔