فلپائن میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں کے حملے میں صوبائی گورنر 5 اہلکاروں سمیت ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کو پولیس نے بتایا کہ وسطی فلپائن کے ایک صوبائی گورنر اور کئی دیگر افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیگروس اورینٹل صوبے کے گورنر روئل ڈیگامو اور دیگر اہلکاروں کو پامپلونا قصبے میں ڈیگامو کے گھر پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 6 مسلح افراد جو مقامی فورس کی وردیوں میں ملبوس تھے گورنر کے گھر میں گھسے اور فائرنگ کی۔ گورنر کی بیوہ نے تصدیق کی ہے کہ اُن کے شوہر سمیت 6 افراد کو گولیاں لگیں۔
رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تمام افراد کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کے وقت 56 سالہ گورنر مقامی شہریوں میں امداد تقسیم کر رہے تھے۔