اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
کوئٹہ کو شکست دیکر اسلام آباد کی ٹیم پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کوئٹہ کو شکست دیکر اسلام آباد کی ٹیم پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 180 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کیا۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز یاسر خان اور ول سمیڈ نے کیا لیکن ول سمیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، یاسر خان بھی 5 رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد کو مبصر خان نے باؤنڈری پر شاندار کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی۔
افتخار احمد بھی 17 کے مجموعے پر صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد نواز اور نجیب اللہ زادران کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور محمد نواز 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نجیب اللہ زادران بھی 59 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن عمر اکمل نے آتے ہی چھکوں کی برسات کردی اور صرف 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کر کے اپنی ٹیم کا اسکور 179 رنز تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور پہلی ہی گیند پر رحمان اللہ گرباز ایل بی ڈبلیو ہو گئے لیکن کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 63 رنز کی برقرفتار اننگز کھیلی۔
ایک موقع پر اسلام آباد کے 6 کھلاڑی 111 ر نز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد اعظم خان اور فہیم اشرف نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 169 کے مجموعے پر اعظم خان 35 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن فہیم اشرف نے 3 گیندوں پہلے ہی ہدف پورا کر دیا اور وہ 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔