ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر پنجاب بھر کے ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران پنجاب بھر کے ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا قبول نہیں، آٹے کی تقسیم 8 ہزار 5 سو یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کی جائے، عوام کی سہولت کیلئے آٹے کی تقسیم کے مزید 20 ہزار پوائنٹس بھی قائم کئے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے، چوری روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان تک کی جائے گی، وفاق دیگر صوبوں کو بھی اس پروگرام میں معاونت فراہم کرے گا۔