آئی ایم ایف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم پر تحفظات کا اظہار کردیا
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو 50روپے فی لیٹر غریبوں کو پٹرول پر سبسیڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ پیٹرول سبسڈی اسکیم پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستھر پیریز روئز نے ایک مقامی اخبار کے جواب میں کہا کہ حکومت نے پٹرول پر سبسڈی دینے کے حوالے سے آئی ایم ایف سے کوئی مشاورت نہیں کی۔
آئی ایم ایف کے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ فنڈ کو اس آپریشن، لاگت، ہدف، غلط استعمال کے خلاف تحفظات ہیں، پاکستانی حکام سے ان اقدامات کے لحاظ سے اسکیم کے بارے میں مزید تفصیلات طلب کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا آئی ایم ایف کی جانب سے غیر فنڈ شدہ اور غیر ہدف شدہ سبسڈیز کو پہلے ہی مسترد کیا جا چکا ہے اور زیادہ کمزوروں کے لیے سماجی تحفظ کو بڑھانے کی وکالت کرتا ہے.
ایستھر پیریز روئز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں کافی پیش رفت کی ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کوپچاس روپے فی لیٹر غریبوں کو پٹرول پر سبسیڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں ریلیف پیکج پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم ریلیف کم آمدنی والے صارفین کو دیا جائے گا جن کے پاس موٹرسائیکل، رکشہ، 800 سی سی کاریں اور دیگر چھوٹی کاریں ہیں۔