عمران خان نے دہشت گردی لانے اور انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں دیا
خود کو سیاسی لیڈر کہنے والے کی حرکتیں سب نے دیکھیں ، یہ ریاست کے خلاف بغاوت ہے
اسلام آباد: زمان پارک میں بیٹھا شخص کارکنوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسا رہا ہے، عمران خان نے دہشت گردی لانے اور انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔
سینیئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زمان پارک میں جو کچھ دیکھنے کو ایسا کبھی ملکی تاریخ میں نہیں ہوا، زمان پارک میں پنجاب پولیس پر حملہ کیا گیا، یہ ریاست کے خلاف بغاوت ہے، ایسی حرکتیں آج نہیں 2014 سے ہورہی ہیں، ان لوگوں نے سپریم کورٹ کے سامنے گندے کپڑے لٹکائے، یہ جلاؤ گھیراؤ کررہے تھے اور ثاقب نثار صادق و امین کے سرٹیفکیٹ دے رہے تھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خود کو سیاسی لیڈر کہنے والے کی حرکتیں سب نے دیکھیں، گرفتاری سے بچنے کےلیے ایسی حرکتیں کی جارہی ہیں، نواز شریف کو شرمناک القابات سے نوازا گیا، 2014 میں بھی عمران خان نے امپائرکی انگلی پکڑ رکھی تھی، عمران خان کو صادق و امین کے سرٹیفکیٹ دیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست نہیں چاہتی کوئی خون خرابہ ہو، کچے کے علاقے اور زمان پارک میں جو ہو رہا ہے اس میں کیا فرق ہے، کچے میں پولیس جب ڈاکووں کو پکڑنے جاتی ہے تو وہ پولیس پر حملہ کرتے ہیں، زمان پارک کی صورت حال بھی کچے کے علاقے سے مختلف نہیں ہے، 2018 میں اپنی حکومت کے دوران عمران خان نے پاکستان کی معیشت پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد نے عمران خان کے حق میں بیان دیا، زلمے خیل زاد کو کوئی حق نہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں بولے، زمان پارک میں بیٹھا شخص کارکنوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسا رہا ہے، عمران خان نے دہشت گردی لانے اور انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں دیا، عمران خان 3 دن سے انٹرنیشنل میڈیا کو جھوٹے انٹرویو ز دے رہا ہے، یہ دنیا سے جھوٹ بول رہا ہے میرے پاس 18 تاریخ تک کی ضمانت ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگوں کو کہتا ہے مجھے گرفتار کر کے بلوچستان بھیجنا چاہتے ہیں، عمران خان کو گرفتار کر کے بلوچستان نہیں عدالت میں پیش کرنا ہے، فیصلہ سامنے دیوار پر لکھا ہوا ہے اس لیے وہ پیش نہیں ہوتے، عمران خان کے اپنے بچے لندن میں محفوظ مقامات پر بیٹھے ہوئے ہیں، یاسمین راشد آڈیو میں کہہ رہی ہیں جو احتجاج میں شریک نہیں ہوگا اسے ٹکٹ نہیں دیں گے۔