مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو دہشت گرد جماعت قرار دیدیا، کہتی ہیں کہ اس جماعت کے سرغنہ نے قانون سے بچنے کیلئے شرپسند رکھے ہوئے ہیں، عمران خان کو سیاسی لیڈر کہنا سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ کہا تھا نا کہ یہ (پی ٹی آئی) ایک دہشت گرد جماعت ہے، جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کیلئے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ مناظر آج سے پہلے صرف دہشت گردی کے حوالے سے دیکھنے کو ملے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی، قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت یا عمران خان کو سیاسی لیڈر کہنا کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ سیاستدان بہادر ہوتے ہیں، گرفتاری اور احتساب سے نہیں ڈرتے، گرفتاری اور احتساب سے صرف چور، ڈاکو اور دہشت گرد ڈرتے ہیں، گرفتاری سے زیادہ خوف اپنے مکروہ اعمال کا ہے!، یہ سیدھا اعتراف ہے کہ مقدمات سچے ہیں۔
پنجاب کی نگراں حکومت نے زمان پارک میں تجاوزات کیخلاف پولیس آپریشن کیا، اس دوران عمران خان کی رہائش گاہ کا دروازہ ایکسکیویٹر کے ذریعے توڑ دیا، پولیس کی بھاری نفری گھر میں داخل ہوئی اور وہاں سے 16 رائفلیں برآمد کرلیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ رائفلیں سرکاری لگتی ہیں، جنہیں اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
زمان پارک میں پولیس آپریشن کے دوران کارکنان کے تشدد سے کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت سے زخمی پولیس اہلکاروں کی رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ جوڈیشل کمپلیکس میں مقامی عدالت کے جج کے سامنے پیش ہوں گے۔