Featuredاسلام آباد
عمران خان کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کی توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے کیس کو فائل گمشدگی کیس کے ساتھ منسلک کردیا۔
عدالت،نے آئی جی اسلام آباد سے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق معاملے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ سے بھی رپورٹ طلب کر تے ہوئے سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔
اسسٹنٹ کمشنرنے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہائی کورٹ نے عمران خان سے کہا تھا امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو مگر عمران خان نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کیے تھے ۔عمران خان نے 17 مارچ کا عدالت کا ایک حکم بھی نہیں مانا۔ انہیں طلب کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔