ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی شہادتیں موصول، کل پہلا روزہ ہوگا
رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد کل بروزجمعرات (23 مارچ) کو پہلا روزہ ہوگا۔
پشاورمیں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئر مین مولانا عبد الخبیر کی زیر صدارت ہوا۔
قبل ازیں اسلام آباد کی زونل رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کاچاند نظرآنےکی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ زونل رویت ہلال کمیٹی کےاجلاس میں وزرات مذہبی امور،محکمہ موسمیات سمیت دیگرنمائندے شریک ہوئے ۔
کوئٹہ میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، زونل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولاناانوار الحق حقانی نے بتایا کہ چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، تاہم چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
اسی طرح لاہور میں بھی رمضان المبارک کا چاندنظر نہیں آیا، لاہورمیں چاند نظر آنے کا مقررہ وقت 7 بج کر 5 منٹ تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد لاہور میں مطلع جزوی ابرآلود ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں کل بروزبدھ کو رمضان المبارک کاچاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند کی پیدائش آج رات 10 بج کر 23 منٹ پر ہو گی۔ کل چاند نظر آنے پر پاکستان میں پہلی سحری جمعرات کو ہو گی۔
دوسری جانب بھارتی مسلمان بھی 24 مارچ( بروز جمعہ ) کو پہلا روزہ رکھیں گے۔جامعہ مسجد دہلی سے جاری بیان کے مطابق رمضان المبارک کاچاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد یکم رمضان المبارک 24 مارچ کو ہوگا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں بھی کل چاندنظر نہیں آیا تھا جس کے بعد مملکت میں پہلا روزہ (کل )جمعرات کو ہو گا۔