پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کے پیش نظر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔ الرٹ کے مطابق کالعدم تنظیم مینار پاکستان جلسے کو نشانا بناسکتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف آج لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کرنے جارہی ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مینار پاکستان جلسے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم مینار پاکستان جلسے کو نشان بناسکتی ہے، کالعدم تنظیم سیاسی ریلیوں اور زمان پارک کو نشانہ بناسکتی ہے۔
تھریٹ الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر پی ٹی آئی قیادت اور اجتماعات کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
حکام کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے بارے میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو ہدایات جاری کردی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی جلسے کے تناظر میں لاہور میں شاہدرہ سے ایم اے او کالج تک کل صبح تک میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی ہے، میٹرو بس سروس بند ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج رات سے کل صبح تک شاہدرہ سے ایم اے او کالج تک میٹرو بس سروس بند رہے گی۔