اگر آج نامعلوم پیچھے ہٹ جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے گی، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں اگر آج نامعلوم پیچھے ہٹ جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے گی، یہ اپنے امپائر کھڑے کرکے کھیلنے کو لیول پلئینگ فیلڈ کہتے ہیں، نواز شریف اس انتظار میں باہر بیٹھا ہے کہ مجھے نا اہل یا قتل کیا جائے تو وہ واپس آئے۔ سابق وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی انتخابات ملتوی کرنے کی وجوہات کو غلط قرار دے دیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی سوال ہوا ملک میں اس وقت فیصلے کر کون رہا ہے؟، بولے اس سوال کا جواب تو سب کو معلوم ہے۔
پھر رانا ثنا اللہ کے بیان ’’یا یہ رہیں گے یا ہم رہیں گے‘‘ سے متعلق سوال پر عمران خان بولے خواہش تو یہی ہے کہ دونوں ہی رہیں، لیکن اگر وہ کہہ رہے ہیں کہ ایک ہی رہے گا تو بتا دوں کہ وہ نہیں رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر آج نامعلوم پیچھے ہٹ جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی انتخابات ملتوی کرنے کی وجوہات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر تک تو معاشی بحران اور زیادہ شدید ہو جائے گا۔
لیول پلینگ فیلڈ سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کیلئے اپنے امپائر کھڑے کرکے کھیلنا ہی لیول پلینگ فیلڈ ہے، نواز شریف اس انتظار میں بیٹھا ہے کہ مجھے قتل یا نا اہل کیا جائے تو وہ واپس آئے۔
صحافی نے سوال اٹھایا آپ گرفتاری دینے میں اتنی زیادہ مزاحمت کیوں کرتے ہیں؟، آخر گرفتاری دینے میں حرج ہی کیا ہے؟، جس پر عمران خان نے جواب دیا جب کوئی جرم ہی نہیں کیا تو گرفتاری کس لئے دوں۔