Featuredدنیا

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد

امریکہ کی مقامی عدالت نے اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کو منہ بند رکھنے کے لیے رشوت دینے کے الزام میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پرفرد جرم عائد کردی ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو سن 2016 کے انتخابی مہم کے دوران ”ہش منی“ یا منہ بند رکھنے کے لیے رشوت دینے کے الزام کی تفتیش کے بعد نیویارک کی گرینڈ جیوری نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعہ کیا۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد 76 سالہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے وکیل سے انہیں خودسپرد کرنے میں مدد کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے،سزا سنانے کی تاریخ طے کرنے کے بعد انہیں اس حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ پر عائد کی گئی فرد جرم کی نوعیت کیا ہے تاہم ان کے وکیل جوئے ٹاکو پینا کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس نے بتایا کہ یہ الزامات سن 2016 میں صدارتی انتخابی مہم کے دوران ایک اسکینڈل سے بچنے کے لیے ’ہش منی‘ کے سلسلے میں ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں ہش منی یا خاموش رہنے کے لیے ادائیگی کرنا خلاف قانون نہیں مگر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے اس ادائیگی کو چھپایا اور اپنی تنظیم کے مالی ریکارڈ میں رد و بدل کیا، جبکہ ٹرمپ ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرد جرم عائد کیے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ یہ تاریخ میں اعلیٰ ترین سطح پر سیاسی انتقام اور انتخابات میں مداخلت ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی جنرل بریگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بریگ جوبائیڈن کے گندے کام سر انجام دے رہے ہیں۔

اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز
انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ مجھے پریشان کرنے کی کوشش جو بائیڈن کے لیے الٹا پڑ جائے گی۔ ان کا حربہ ناکام ہوجائے گا۔ امریکی عوام کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ شدت پسند لیفٹ ڈیموکریٹ دراصل کرکیا رہے ہیں۔ ہر کوئی دیکھ سکتا ہے۔

تاہم اگلے چند دنوں میں کسی جج کی جانب سے اس معاملے میں سزا کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ پر فرد جرم ایسے وقت عائد کی گئی ہے جب وہ 2024 کے صدارتی انتخاب میں ریپبلیکن کی امیدواری کی دوڑ میں شامل ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو اشارہ دیا کہ وہ دوڑ میں برقرار رہنا چاہتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close