بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے جاری بات چیت کے سلسلے میں وزیر خزانہ رواں ماہ واشگنٹن جائیں گے۔ اسحاق ڈار 10 سے 16 اپریل تک دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی اسپرنگ میٹنگ میں شرکت کریں گے، سیکریٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی وزیر خزانہ کے ساتھ ہوں گے، دورہ واشنگٹن کے دوران آئی ایم ایف حکام سے علحیدہ ملاقات کی جائے گی۔
دورہ واشنگٹن کے دوران وزیر خزانہ عالمی امدادی اداروں کو حکومتی اصلاحات سے آگاہ کریں گے، عالمی امدادی اداروں کو معاشی نظم و ضبط سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ عالمی امدادی اداروں کو دوست ملکوں سے فنڈنگ کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 10 فروری کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اسٹاف لیول معاہدے کے بغیر ہی ختم ہوگئے۔وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔ واشنگٹن سے منظوری کے بعد معاہدہ ہوگا۔
وفاقی سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کچھ نکات تصفیہ طلب ہیں، اب ان نکات پر فیصلہ واشنگٹن میں ہوگا۔