رواں سال حج کیلئے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار افراد کا ہے تاہم حج اخراجات میں غیر معمولی اضافے کے باعث درخواستیں جمع کرانے والے حج کے خواہشمندوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔
موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت تمام درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھیجنے کی تجویز پر غور شروع کردیا۔
سرکاری اسکیم کے تحت تمام درخواستگزاروں کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھیجنے کی تجویز اسپانسر شپ اسکیم کے تحت کم درخواستیں موصول ہونے پر سامنے آئی، ریگولر اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت اب تک 89 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے وزارت خزانہ سے رابطہ کرتے ہوئے عازمین کو حج پر بھیجنے کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ (235 ملین) ڈالر مانگ لئے۔
پاکستان کا رواں سال سرکاری حج اسکیم کا مجموعی کوٹہ 79 ہزار 600 پانچ ہے، اسپانسر شپ کے تحت 43 ہزار کے کوٹے میں صرف 6 ہزار جبکہ ریگولر اسکیم میں 43 ہزار کے کوٹے میں 30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اس لحاظ سے دیکھا جائے تو مجموعی طور پر 86 ہزار کے کوٹے میں صرف 36 ہزار سے زائد درخواستیں ملی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ فنڈز ملیں تو ریگولر اسکیم کے تمام عازمین کوحج پر بھیج سکتے ہیں، بغیر قرعہ اندازی تمام عازمین کوحج پر بھیجنے کیلئے 235 ملین ڈالر درکار ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور نے مزید کہا ہے کہ اگر ضرورت کے مطابق ڈالر نہ ملے تو ریگولرحج اسکیم کیلئے قرعہ اندازی کل ہوگی۔