مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف پارلیمنٹ کی قرارداد کو درست قرار دے دیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بتانا چاہیے کہ وہ ایک بالادست ادارہ ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے پنجاب میں انتخابات سے متعلق فیصلے کیخلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان اقلیتی بینچ کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے۔
قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے الیکشن سے متعلق فیصلے کے خلاف قرارداد خالد مگسی نے پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
قرار داد میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، ایوان سیاسی معاملات میں بے جا عدالتی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ ایوان وزیراعظم اور کابینہ کو خلافِ آئین فیصلے پر عمل نہ کرنے کا پابند کرتا ہے، حالیہ اقلیتی فیصلہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔