Featuredدنیا

امریکی محکمہ دفاع: انتہائی حساس امریکی دستاویزات افشا ہونا قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے انتہائی حساس امریکی دستاویزات افشا ہونا قومی سلامتی کے لیے ’انتہائی سنگین‘ خطرہ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو پینٹاگون نے کہا کہ محکمہ انصاف دستاویزات افشا ہونے کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ لیک ہونے والی دستاویزات میں یوکرین کی جنگ سے متعلق خفیہ معلومات کے علاوہ امریکی اتحادیوں کے متعلق حساس تجزیے بھی شامل ہیں جنہیں اب امریکی حکام یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پبلک دفاع کے لیے اسسٹنٹ برائے سیکریٹری دفاع کرِس میگر کے مطابق پینٹاگون کی ایک ٹیم اس بات کا تعین کر رہی ہے کہ آیا یہ دستاویزات اصلی ہیں یا نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ آن لائن گردش کرنے والی تصاویر میں حساس معلومات ہیں۔

ان میں ایک ایسی دستاویز بھی شامل ہے جس میں تبدیلی کر کے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ روس کے مقابلے میں یوکرین کو زیادہ جانی نقصان ہوا ہے تاہم حکام کے مطابق حقیقت اس کے برعکس ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کو خدشہ ہے کہ مزید دستاویزات سامنے آ سکتی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حکام اس معاملے پر واشنگٹن کے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ یوکرین جنگ سے متعلق درجنوں دستاویزات کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ امریکی حکام نے کہا تھا کہ دستاویزات کے افشا ہونے کے پیچھے ممکنہ طور پر روس یا اس کے حامی عناصر کا ہاتھ ہے۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر جو بائیڈن کو گزشتہ ہفتے کے آخر میں دستاویزات کے لیک ہونے کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close