چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 افراد جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
عرب میڈیا الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ کے علاقے فینگ شائی میں واقع ہسپتال میں دوپہر ایک بجے آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے ہسپتال کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔
چینی میڈیا چائنا ڈیلی کے مطابق اس خوفناک آگ کی وجہ سے 21 افراد جھلس کر چل بسے، 71 مریضوں کو ہسپتال سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک اسپتال کی عمارت کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں تحقیقات کررہے ہیں۔