لاہور: تم پاکستان کیخلاف سازش کرنا بند کرو مزدور کا بھلا ہوگا، فتنہ مزدوروں کے نام پر ریلیاں نکال رہا ہے
مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت پورے ٹولے نے ملک کو نوچ کر کھایا، عمران خان کے گینگ میں تمام کرپٹ ترین افراد شامل ہیں۔
محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ ن لیگ کا اتنا متحرک ونگ ہے، ہمارے ملک کے محنت کش کا ونگ ن لیگ میں موجود ہے، جس جماعت کا لیبر ونگ اتنا مضبوط ہو اس جماعت کو آنچ نہیں آسکتی، ن لیگ کے لیبر ونگ کو اور مضبوط اور متحرک کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تم صرف پاکستان کیخلاف سازش کرنا بند کرو مزدور کا بھلا ہوگا، فتنہ مزدوروں کے نام پر ریلیاں نکال رہا ہے، اس ملک کی ترقی کی راہ میں ایک شخص حائل ہے اس کا نام عمران خان ہے، عمران خان نے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری کے ریکارڈ قائم کئے، آج دو روپے کی روٹی 25 روپے کی ہے تو کس کو الزام دینا ہے؟، عمران خان سیاسی نہیں دہشت گرد ہے، فتنے کی تعریف پر عمران خان پورا اترتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2017 تک ملک ترقی کررہا تھا، 2018 سے ملک کی تباہی کا دور شروع ہوا، 97 والا ڈالر 280 روپے کا ہوگیا، کون ذمہ دار ہے؟، 2017 میں روٹی سستی تھی غریب آدمی پیٹ بھر کر کھانا کھاتا تھا، عمران خان نے ملک کو ترقی کے سفر سے ہٹادیا، عمران خان کی جیل بھرو تحریک ناکام ہوئی، سوموٹو لئے گئے انصاف کا تماشا بنادیا گیا، ناانصافی کے خلاف سپریم کورٹ کے ججز بھی بول اٹھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ہر حربہ ناکام ہوا، عمران خان خدا کے واسطے اس ملک پر رحم کرو، اصل سازش کا بھانڈا فتنہ خان نے پھوڑا ہے، فتنہ خان نے کہا قمر باجوہ نے کہا تھا اسمبلی توڑو، سوال بنتا ہے کہ کس منصوبے کے تحت کہا گیا کہ اسمبلی توڑو، عمران خان کو دوبارہ ملک پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ثاقب نثار عمران خان کو لانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے، ثاقب نثار کا اپنا بیٹا رشوت لیتا ہوا پکڑا گیا، چور کا بیٹا چور ہی ہوتا ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت پورے ٹولے نے ملک کو نوچ کر کھایا، اس گینگ کا سرغنہ عمران خان ہے، عمران خان کے گینگ میں تمام کرپٹ ترین افراد شامل ہیں، اس گینگ میں ثاقب نثار اور فیض بھی شامل ہیں، 2017 میں نوازشریف کو ایک اقامہ پر نکالا گیا، نوازشریف کو نکالنے کا نقصان پاکستان کو زیادہ ہے، جس دن نوازشریف کو ہٹایا اسی دن سے پاکستان ٹریک سے اترا ہوا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس ٹولے نے اتنا نقصان کیا کہ ملک آج تک نہیں سنبھل رہا، نوازشریف نہ کھاتا ہے اور نہ کھانے دیتا ہے، یہ لوگ کھاتے بھی ہیں اور کھلاتے بھی ہیں، آپ کو آئین اور منتخب نمائندوں کا فیصلہ ماننا پڑے گا، پارلیمنٹ اپنا فیصلہ منواکر رہے گی، پارلیمنٹ سے قانون پاس ہوتے ہی نوٹس لے لیا گیا، آئین نے پارلیمنٹ کو قانو سازی کا حق دیا ہے، نیا قانون سپریم کورٹ کو مضبوط اور سازشوں کو ختم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹکٹ کے ایک کروڑ 20لاکھ لئے جارہے ہیں، بتایا جائے پانامہ کیس کے فیصلے کے کتنے پیسے لئے، ملک میں ناانصافی کو انصاف میں بدلنا مشکل ہے، نواز شریف نے پاکستان کو بہت کچھ دیا ہے، عمران خان نے آتے ہی گھڑیاں بیچنے کا کاروبار کیا، عمران خان کی اہلیہ نے الگ دکان کھول لی، عمران خان کی اہلیہ نے رشوت لینا شروع کردی۔