نیوزی لینڈ نے پاکستان کا وائٹ واش کرنے کا خواب چکنا چور کردیا
افتخار کی جارحانہ بیٹنگ بھی پاکستان کوکامیابی نہ دلا سکی ، بابر اعظم اپنے 100 ویں میچ یادگار نہ بناسکے
پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں افتخار احمد کی جارحانہ بیٹنگ بھی پاکستان کوکامیابی نہ دلا سکی ، البتہ گرین شرٹس نے سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کرنے کا خواب چکنا چور کردیا۔
آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 252 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ول ینگ 87، ٹام لیتھم 59 اورمارک چپمین 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے افتخار احمد اپنے روایتی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آغا سلمان 57، فخر زمان 33 اور شان مسعود نے 7 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم اپنے 100 ویں میچ کو یادگار نہ بناسکے اور صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
شاداب خان 14، اسامہ میر 20 رنز بناسکے، شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین روانہ ہوئے جبکہ محمد وسیم 6 اور حارث رؤف 1 رن بناکر رن آوٹ ہوگئے، نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینری شپلے اور رچن رویندرا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
آخری ون ڈے میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھی اور تیسری پوزیشن پر آگئی۔
گرین شرٹس کو 5 میچز کی سیریز میں 4 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل تھی۔آخری ون ڈے میں شکست کے بعد گرین شرٹس نے سیریز 1-4 سے جیت لی، پاکستان کے فخر زمان کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔