خیبر پختونخوا میں 9 مئی کو سرکاری املاک کو پہنچائے گئے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں
خیبر پختونخوا میں 9 مئی کو سرکاری املاک کو پہنچائے گئے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے نیب نے رینجرز کی مدد سے گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد خیبر پختونخوا سمید ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پرتشدد احتجاج کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو پشاور کے 32 مقامات پر شر انگیزوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، 10 مئی کو خیبر پختونخوا کے 40 مقامات پر شر پسندوں نے شدید توڑ پھوڑ کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں پاکستان ریڈیو اسٹیشن کو نذر آتش کیا گیا، الیکشن کمیشن آفس پہ دھاوا بولا گیا، شر انگیز احتجاج میں پولیس کے 17 جوان اور 60 شہری زخمی ہوئے، 4 عام شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے روز ہی ضلع بنوں میں بنوں کینٹ پر دو اطراف سے دھاوا بولا گیا، بنوں کینٹ کے داخلی دروازے، دیوار، گارڈز کے کمرے اور دیگر انفراسٹرکچر تباہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو چکدرہ میں 2500 سے زائد شر پسندوں نے چکدرہ موٹروے ٹول پلازہ کو آگ لگائی، 5 ہزار شر پسندوں نے چکدرہ فورٹ پر دھاوا بولا جبکہ تیمرگرہ میں بھی شر پسندوں نے فوجی تنصیبات پر پتھراؤ کیا، ایف سی پبلک اسکول تیمرگرہ کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔