کراچی: سندھ کے 30 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلوں اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
کراچی کی 246 یونین کمیٹیوں میں سے 239 یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبرز کی حلف برداری ہوئی۔
تقریبات کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے تھے، الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر مقرر کیا تھا جنہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیا۔
پی ٹی آئی کے تمام اراکین کے حلف اٹھانے سے جماعت اسلامی کی پوزیشن مستحکم ہوجائے گی بصورت دیگر پیپلز پارٹی کا امیدوار میئر کے لیے مضبوط ثابت ہوگا۔
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اور دوسرے مرحلے میں یو سی چیئرمین منتخب ہونے والے فردوس شمیم نقوی اس وقت سکھر جیل میں ہیں، ان کی حلف برداری ضلع شرقی کراچی میں 3 بجے شیڈول ہے۔
اسی طرح سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن کونسل، ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسل کے تمام بلدیاتی نمائندوں کے لیے مختلف مقامات پر حلف برداری کی تقریبات ہوئیں۔