پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب سے مسلسل نقصانات کا سامنا ہے، مزید 2 سابق اراکین اسمبلی اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ گئے۔
سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں وارث عزیز نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
وارث عزیز نے جنرل انتخابات 2018ء میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو فیصل آباد کی صوبائی سیٹ پر شکست دی تھی۔ وارث عزیز نے ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی پالیسیوں سے اختلاف اور 9 مئی کے واقعات پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ضلع خانیوال سے سابق رکن پنجاب اسمبلی عمران پرویز دھول، سابق سٹی صدر خانیوال مبارک علی اور لودھراں سے جنرل سیکریٹری شہزاد انور نے بھی پی ٹی آئی اور عمران خان کو خیر باد کہہ دیا۔
ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تینوں رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
سابق ایم پی اے خانیوال عمران پرویز دھول نے کہا میں 2013ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا، پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے بہت محنت کی، پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں، کچھ عرصہ سیاست سے بریک لیں گے۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری لودھراں شہزاد انور کا کہنا تھا ادارے ملک کی سلامتی کا باعث ہوتےہیں، پاک فوج کیساتھ ہم اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔