باغ: جو ہمارے شہداء کی بےحرمتی کرتا ہے ہم بھی اس کا احترام نہیں کریں گے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہوسکتا۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ وہ جس بنکر میں بھی چھپ کر بیٹھے قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوچھتی ہوں وہ جماعت جسے کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کر کے جتوایا گیا تھا کہاں گئی؟
ن لیگی سینئر نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے کا منصوبہ بنانے والی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، جو کہتا تھا میں ’کلا ای کافی آں‘ آج کلا ہی بیٹھا اے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ہمارے شہداء کی بےحرمتی کرتا ہے ہم بھی اس کا احترام نہیں کریں گے، پوچھتی ہوں کیا شہداء کی یادگاروں کو آگ لگانے والا ہم میں سے ہوسکتا ہے؟
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا اس سے شہداء کے لواحقین کی آنکھوں میں آنسو آئے، جب کسی کے پاس کارکردگی نہیں ہوتی تو وہ ایسی حرکتیں ہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص ٹرمپ کے قدموں میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کر کے آیا، میرے کشمیری بھائی اسے عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ باغ کے لوگ الیکشن کے دن جذبے سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں، 8 جون کو باغ میں شیر کی دھاڑ سنائی دے گی۔