Featuredدنیا

بلاول کا کربلا میں مرکز زائرین اور نجف میں نیا قونصلیٹ کھولنے کا اعلان

 بغداد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کربلا میں پاکستانی زائرین کیلئے مرکز اورنجف میں نیا قونصلیٹ کھولنے کا اعلان کردیا ۔

بلاول بھٹو نے بغداد میں پاکستانی سفارتخانے کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جس کے تحت پاک عراق بزنس فورم اور پاک عراق بزنس کونسل بنے گی ۔

وزیر خارجہ نے اپنے اس دورے میں نجف میں روضہ حضرت امام علی ؑ اور کربلا میں روضہ امام حسین ؑ پر بھی حاضری دی اورنماز و مناجات پڑھیں اور پاکستا ن کی ترقی کے لئے دعا بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے دورہ عراق کے موقع پر بغداد میں پاکستانی سفارت خانے کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ پاک عراق بزنس فورم اور دونوں ملکوں کے درمیان بزنس کونسل کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

سفارت خانے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں عراقی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ فواد حسین بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔عراق میں پاکستانی سفیر احمد امجد علی اور پاکستان میں عراقی سفیر حامد عباس لفتا بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بغداد میں پاکستان سفارت خانے کے کمپلیکس کی تعمیر انتہائی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایمبیسی کمپلیکس عراق اور پاکستان کے عوام، تاجر برادری سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے معاون ہوگا۔

وزیرخارجہ کے حالیہ دورہ عراق کے دوران سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے حامل پاکستانیوں کیلئے ویزہ کے خاتمہ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پردستخط کیے گئے جبکہ پاکستان اور عراق کے چیمبرز آف کامرس اور کلچرل تعاون کے الگ الگ معاہدوں پردستخط بھی کیے۔

وزیر خارجہ نے کربلا میں پاکستانی زائرین کیلئے مرکز اور نجف میں پاکستانی قونصلیٹ کھولنے کا اعلان بھی کیا۔دونوں ملکوں کے درمیان زراعت، موسمیاتی تغیر، تعلیم، صحت اورعراقی ترقیاتی کوریڈور میں پاکستانی محنت کشوں کی شمولیت سمیت اہم امور پر باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

اس دورے میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراقی صدر ، وزیراعظم،وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں ، سفارتی ماہرین کے مطابق اس دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان قربتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

عراق کے دورے کے اختتام پر بلاول بھٹو نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ عراق کا انتہائی اہم دورہ اختتام پذیر ہوا، پاکستان اور عراقی عوام نے دہشت گردی کے باعث بے پناہ نقصان اٹھایا۔

انھوں نےمزید کہا کہ دونوں ممالک کیلئے بذریعہ شراکت داری خوشحالی کے بہت زیادہ امکانات ہیں ،میرے دورے کو کامیاب بنانے میں ٹیم پاکستان نے شاندار کام کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close