گجرات کے ساحلی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔
بحیرہ عرب میں بننے والا انتہائی درجے کا سمندری طوفان بپرجوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع سے ٹکراگیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات کے ساحلی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست گجرات کے علاقے گاندھی نگر میں 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ دوارکا میں طوفانی ہواؤں کے باعث درخت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ جاکھاؤ، مانڈوی میں درخت اور بجلی کے کھبے گر گئے، ٹین کی چھتیں اُڑگئیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات میں سمندری طوفان ٹکرانے کا عمل آدھی رات تک جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی بھارتی محکمہ موسمیات نے رپورٹ کیا تھا کہ ریاست گجرات میں سوراشٹرا اور کَچھ کے ساحلی اضلاع میں سمندری طوفان بپرجوائے کے لینڈ فال کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ طوفان کراچی اور مانڈوی کے درمیان گجرات کی جاکھاؤ بندرگاہ کے نزدیکی ساحل سے ٹکرائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا تھا کہ طوفان تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ گجرات کے علاقے مانڈوی میں تیز ہواؤں اور سمندر میں طغیانی کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کی شدت برقرار تھی اور اس کا فاصلہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان کی جانب بھی کم ہوتا جا رہا تھا۔