Featuredپنجاب

وائس چانسلر سے متعلق الفاظ پر ٹھیک مذمت کی گئی، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بجٹ تقریر میں اساتذہ سے متعلق ادا کئے گئے اپنے نامناسب الفاظ پر معذرت کرلی جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کی کارروائی سے یہ الفاظ حذف کرا دیئے۔

قومی اسمبلی میں جمعہ کو ذاتی وضاحت پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسپیکر سے کہا کہ اللہ نے آپ کو محفوظ رکھا، اللہ تعالیٰ ہمیشہ آپ کو اپنی عافیت اور پناہ میں رکھے، اللہ کا جتنا بھی شکر کیا جائے کم ہے۔

گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ چند روز قبل میں نے تقریر کی تھی جس میں وائس چانسلرز کے حوالے سے بات کی، وائس چانسلرز نے آپ کو میرے ایک لفظ پر احتجاج کرتے ہوئے خط لکھا ہے، میری درخواست ہے کہ وہ لفظ کارروائی سے حذف کر دیا جائے، مجھے اپنے اس لفظ پر افسوس ہے، میں اساتذہ کا دل سے احترام کرتا ہوں، انہوں نے میرے لفظ کی درست مذمت کی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سیاست ہو رہی ہے، ہمیں درسگاہوں میں اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ دینا ہوگی، میری تقریر کا بنیادی مقصد کرپشن تھا، ملک کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں کرپشن کی بات کی تھی، اگر اساتذہ کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت چاہتا ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں نے یہ خط میڈیا میں دیکھا ہے، ابھی تک میرے سامنے نہیں آیا، آپ سینئر سیاستدان ہیں، آپ کا بڑا پن ہے کہ آپ نے معذرت کی، اساتذہ کا احترام ہم سب کے دلوں میں ہے، اساتذہ نئی نسل کی تربیت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے اساتذہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر تمام وائس چانسلرز کو مدعو کیا، تمام ارکان کو چاہئے کہ خطاب کے دوران لفظوں کا چناؤ درست کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ آصف کی تقریر سے وہ لفظ اسمبلی کی کارروائی سے حذف کر دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close