Featuredپنجاب

قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی کا عید الاضحیٰ کے موقع پر پیغام

قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الا ضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی،قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔

اپنے پیغام میں قائمقام صدر صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا،اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں،یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجہ میں وجود میں آیا، ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے یکجان ہونا چاہئے۔

قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ عیدالا ضحیٰ کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہئے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں،عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔

آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close