Featuredپنجاب

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں چینی ناظم الامور پینگ چنکسو کی ملاقات

آئی ایم ایف معاہدہ ہونے کے بعد ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے چین نے دوبارہ واضح انداز میں کہا ہے کہ پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو نےفنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے ناظم الامور کو آئی ایم ایف کے ساتھ 9ویں جائزے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے۔حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی حمایت کو سراہا اور خاص طور پر گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان کے ساتھ چینی مالیاتی اداروں کے تعاون پرشکریہ بھی ادا کیا۔

ناظم الامور پینگ چنکسو نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو مزید یقین دلایا کہ چینی حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔

دونوں فریقوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کوبڑھانے کے لئے دستیاب طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close