Featuredتجارتسندھ

آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات آنا شروع ، اسٹاک ایکسچینج 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ہفتے کے پہلے ہی دن زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوگیا۔

پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ہونے والے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے بھرپور اثرات پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے دوران سامنے آنا شروع ہو گئے۔

ڈیفالٹ کا خطرہ ٹلنے کے بعد عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہوتے ہی ہفتے کے پہلے دن کاروبار شروع ہوتے ہی نئی تاریخ رقم ہوگئی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر بھرپور تیزی سامنے آئی اور کے ایس ای انڈیکس میں 2000 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھرپور تیزی ہونے پر سرگرمیاں ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئیں اور کاروباری قانون کے مطابق حصص کی خریدوفروخت روک دی گئی۔

حصص کی خرید و فروخت کے دوران ابتدا ہی میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1961 پوائنٹس اضافے سے 43414 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا۔ بعد ازاں 2341.68 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100 انڈیکس 43794.36 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا، جو بڑھتے بڑھتے 2471 پوائنٹس اضافے سے 43923 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

دن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2446.32 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 43899 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جس کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے ایس ای 100 انڈیکس 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی ابتدائی منظوری مل گئی، جس کے نتیجے میں ڈیفالٹ کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر مالیت کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جب کہ آئی ایم ایف نے معاہدہ کی تصدیق کی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدہ کی منظوری دے گا جب کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔ آئی ایم ایف اور پاکستانی کے درمیان طے پانے والا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) معاہدہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close