Featuredاسلام آباد

عام انتخابات آئین کی روح کے مطابق نگراں سیٹ اپ میں ہوں گے

پچھلی حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کرکے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر چھوڑ گئی تھی

اسلام آباد: موجودہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، پاکستان تحریک انصاف حکومت کی مدت 44 ماہ اور موجودہ حکومت کی مدت 14 ماہ بنتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عام انتخابات آئین کی روح کے مطابق نگراں سیٹ اپ میں ہوں گے، موجودہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی مدت 44 ماہ اور موجودہ حکومت کی مدت 14 ماہ بنتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 44 ماہ کا گند، نا اہلی، نا لائقی، چوری، مہنگائی، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی خلاف ورزی کی گئی، پچھلی حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کرکے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر چھوڑ گئی تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلی حکومت نے عوام دشمنی کی، جب ہمیں ملک ملا تو معیشت اور روزگار تباہ تھا، ملک میں ایندھن تھا نہ ایندھن لینے کے پیسے، نہ کارخانے چل رہے تھے، پچھلی حکومت نے ہر شعبے کو تباہ کیا، گزشتہ حکومت مارچ 2022 میں آئی ایم ایف سے اپنا کیا ہوا معاہدہ توڑ کر گئی، 4 سالہ تباہی کے بعد آئی ایم ایف کا معاہدہ توڑنا تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا، جس وقت ہمیں یہ ملک دیا گیا اس وقت ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، جب ہم نے 2018 میں ملک دیا تھا تو 6.2 فیصد کی ترقی پر تھا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ نالائق کہتے تھے کہ اتنی زیادہ بجلی بنا دی جس کی ڈیمانڈ ہی نہیں تھی، انہوں نے 44 مہینے یعنی چار سال ملک کے ہر شعبے کو تباہ کیا، ہمارے 14 ماہ کا پی ٹی آئی کے ابتدائی 14 ماہ سے تقابل کیا جائے، ان کے 14 ماہ میں یا تو چیزیں ختم ہوجاتی تھیں یا پھر مہنگی۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ میں 3 ڈالر پر لیکویڈ نیچرل گیس (ایل این جی) مل رہی تھی، یہ تاریخی موقع تھا، انہوں نے مہنگے فرنس آئل کی وجہ سے سستی ایل این جی نہیں خریدی، آپ نے اپنی سیاست کو بچانے کیلئے پیٹرول سستا کیا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، انتشار، نفرت کو اتحاد میں بدلا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انہوں نے خارجہ پالیسی تباہ کی، شہباز شریف نے تباہ شدہ خارجہ پالیسی کو بحال کیا، کوئی دوست ملک راضی نہیں تھا، نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کا پروگرام لے کر مکمل کیا۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ابھی ہم نے زخموں پر مرہم رکھا ہے، اتحادی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو بچانا ہے، ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا پاکستان بچا کر ملک کے عوام کو امانت دے کر جا رہے ہیں، ساڑھے تین سو ڈیم بنانے والا کام پاکستان کے عوام کو ڈیم فول بنانا تھا؟ ہم نے 14 ماہ کے اندر 3900 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ان 14 ماہ میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار صفر ہے، ملک دشمنی میں پیٹرولیم کی قیمتیں کم کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا جھوٹا نعرہ لگا کر سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا، سابق دور میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کو لوگوں پر کیچڑ اچھالنے کیلئے استعمال کیا گیا، جو لوگ الزامات لگا رہے تھے آج وہی اچھے ہونےکی گواہیاں دے رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ روس سے آج سستا تیل آ رہا ہے، آذربائیجان سے سستی گیس کا معاہدہ ہو چکا ہے، روس کا دورہ ہوا، کسی پریس ریلیز میں پیٹرولیم معاہدے کا ذکر نہیں تھا، اب کہتے ہیں روس سے پیٹرول ہم لائے تھے، آج کارخانے چل رہے ہیں، ایندھن کی پیمنٹ ہوچکی، انہوں نے فرنس آئل مافیا کو سہولت دینے کیلئے سستی ایل این جی نہیں لی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close