آج کا دن وطن کے دفاع کے لیے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے : آرمی چیف
ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا مسلسل سامنا ہے
پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہمارا مشن ہے، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں آزادی پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن وطن کے دفاع کے لیے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر بنا، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہمارا مشن ہے، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر کیڈٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے، آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لا الااللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان بیشمار وسائل اور ان گِنت نعمتوں کی سرزمین ہے، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہو گی، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں جغرافیائی اور سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش، تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا مسلسل سامنا ہے، ہم قائد اعظم کے قول کہ “دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹانہیں سکتی” کے امین ہیں، قوم ان چیلنجز خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی، سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ ، صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، قومی فوج ہونے کے ناطے پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلیئے پُر عزم ہے، قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، یہ عناصر معاشرے میں نا امیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں، کوئی ملک اور قوم ایسے چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیری بھائی ضرور ظالمانہ اور قابض قوتوں سے چھٹکارا پائیں گے، آپکی آزادی حق خود ارادیت کی خواہش اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہوگی، عالمی ضمیر کیلیئے کشمیر میں ہندوستانی جبر و استبداد کا احساس ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کشمیری بھائیوں کو افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں، تمام مذموم ہتھکنڈوں کے باوجود کوئی طاقت کشمیری عوام کے استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتی، کوئی جغرافیائی اور سیاسی ضرورت کشمیریوں کے حق آزادی اور خود ارادیت کے راستے میں رکاوٹ نہیں ہو سکتی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دو دہائی سے دہشت گردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ضرور کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا، یہ ملک ہمیشہ علاقائی امن اور سلامتی کیلیئے خطرہ رہا ہے، ہم نے یہ آزادی بیشمار قربانیوں کے بعد حاصل کی ہے، ہم اس آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ازلی دشمن اپنی نام نہاد اسٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خواب رکھتا ہے، یہ خواب جو ہندوتوا کے کٹّر نظریات کے تابع ہیں اقوام عالم کی توجہ کے متقاضی ہیں، ہم کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہونگے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دو ایٹمی قوتوں پر مشتمل یہ خِطّہ ایسے جارحانہ عزائم کا متحمل نہیں ہو سکتا، بدقسمتی سے دشمن مسلسل اپنے ناپاک سیاسی عزائم کی تکمیل کیلیئے مصروف عمل ہے، ماضی میں ان عزائم کی تکمیل کیلئے کی جانے والی مہم جوئی کی ناکامی کو ضرور یاد رکھنا چائیے۔
انہوں نے کہا کہ افغان بھائیوں کو ادراک ہونا چائیے کہ ہم ایک مہمان نواز قوم ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ہماری مخلصانہ کوششوں کا اسی پیرائے میں جواب دیا جائے، افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چائیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیۂ، قطر اور ایران کے ساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے، پاکستان اقوام عالم میں اپنے اصل مقام کےحصول کےلیے پرعزم ہے۔
جرل عاصم منیر نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنے دوستوں اور شراکت داروں سے تعلقات مزید گہرے کریں، ہمارے سامنے ایک تابناک مستقبل ہے بشرطیکہ ہم متحد ، ثابت قدم اور بے خوف رہیں، آپ نے دفاع وطن کا مقدس پیشہ اپنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپکے راستے میں اندرونی و بیرونی اور دیکھے ان دیکھے خطرات آئینگے، اس ملک کی عزت و وقار کی خاطر ہر قربانی کیلئے تیار رہیں
میرا امید کا پیغام سب کیلئے ہے، ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور ہمیں اس عظیم قوم اور ملک پر فخر ہے۔
پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ آزادی پریڈ میں سرزمین پاکستان اور مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
یہ تقریب اس حقیقت کا والہانہ اظہار ہے کہ پاکستانی عوام ایک زندہ دل قوم ہیں جو اپنی آزادی کا جشن بھرپور اور پُرجوش انداز میں مناتے ہیں۔