Featuredاسلام آباد

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اہل وطن کو آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اہل وطن کو آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن ہم بانیان پاکستان اور تحریک ِپاکستان کے کارکنوں کی قربانیوں کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں، آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

جشن آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بانیان پاکستان اور تحریک آزادی کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،جنہوں نے مشکلات اور ظلم کا سامنا کیا اور پاکستان کے حصول کیلئے بے پناہ چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا، ان لوگوں کی داستانیں ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں،ہمیں قیام ِپاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن 76 سال قبل قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے مسلمان اپنے لیے ایک ایسا وطن چاہتے تھے جہاں وہ آزادی سے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق ترتیب دے سکیں۔ یہ دن نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ہماری جمہوری اور سیاسی کاوشوں کے منطقی انجام کی علامت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج کا یہ دن ہمیں خود شناسی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہمیں ملک کی موجودہ ترقی کی سطح ، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پر غور کرنا چاہیے۔ یہی وقت ہے کہ ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

میں اپنے ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔ آئیں ، عہد کریں کہ اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری، عفو و درگزر، سماجی و اقتصادی انصاف، اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ آئیں ، آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر میں دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔ 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی قانونی حیثیت کو ختم کرنے سمیت ، بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے ماورائے عدالت قتل، تشدد اور غیر قانونی حراستوں کی صورت میں وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید خراب کیاہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ان کے جائز حق خودارادیت کیلئے غیر متزلزل اور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔صدرمملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں پوری پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کیلئے دل و جان سے کام کریں۔ آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں عزم کریں کہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close